اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اراکین پارلیمنٹ، سینیٹرز، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور پارلیمان کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور معاشرے کو پالیسی سازی کے عمل میں شریک رکھنے میں میڈیا اور سوسائٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود کے ساتھ ‘اُڑان پاکستان’ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا، جسے برآمدات میں اضافے اور ترقی کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔
ڈپٹی چیئرمین نے عوامی بھلائی کے منصوبوں کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی معیشت کو درست سمت میں لانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقاتوں میں سینیٹر رانا محمود الحسن، سینیٹر سعید ہاشمی، ایم این اے طارق فضل چوہدری سمیت دیگر پارلیمانی اور سوسائٹی نمائندگان شامل تھے۔
انہوں نے ترقی پسند سوچ کو پروان چڑھانے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفادات کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیدال خان نے کہا کہ امن، استحکام، اور سیاسی مفاہمت ہی ملک کے مسائل کا حل ہیں اور ملک کی خاطر سب کو اتحاد و اتفاق سے کام کرنا ہوگا۔