facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

   ایف پی سی سی آئی کی مرکزی کمیٹی کاسی پیک منصوبوں پر پیشرفت تیز پر زور  

  چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) سے متعلق فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی مرکزی قائمہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سی پیک کے تحت تمام منصوبوں پر تیزی سے اور بروقت عملدرآمد پر زور دیا گیا ہے جو پاکستان کی اقتصادی وصنعتی ترقی اورخوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کیپٹل آفس میں منعقدہ اجلاس میں معروف تجارتی و کاروباری شخصیات، چیمبرز کے نمائندوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت کمیٹی کے کنوینر سعود فیصل ملک نے کی جو ڈیلی سی پی ای سی کے سی ای او، ڈپٹی ایڈیٹر انچیف اور چیف آف ڈیجیٹل میڈیا، پاکستان آبزرور بھی ہیں۔
اپنے خطاب میں سعود فیصل ملک نے کمیٹی کے مقاصد پر روشنی ڈالی جن میں ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، تاجروں اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا حل،ملک کے بہترین مفاد میں بین الاقوامی چیمبرز کے ساتھ روابط قائم کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کی اہمیت کا ذکر کیا اور تاریخ میں پہلی بار آل پاکستان چائنیز چیمبرز آف کامرس کے چیئرمین وانگ ہوئی ہوا کی قیادت میں چینی تجارتی وفد کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔
سعود ملک نےسی پیک کے جاری منصوبوں خصوصاً بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے شعبے کی ترقی اور صنعت کاری کو نہ صرف پاکستان میں کاروباری ماحول کے لیے گیم چینجر قرار دیا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نئے امکانات کھولنے کے حوالے سے بھی اہم ہیں۔انہوں نے کہاکہ سپی پیک منصوبوں پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، ہم ان چیلنجوں کو قبول کرتے ہیں جو ان کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ ہیں ۔سعود فیصل ملک نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی فورم، پاکستان کی کاروباری برادری کے اعلیٰ ادارے کے طور پر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے اور قابل عمل حل تجویز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اہم ترجیحات میں سے ایک پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے اور سی پیک تعلیم، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی جیسے شعبوں میں بے مثال مواقع فراہم کرتا ہے، پاکستان کے نجی شعبے کے نمائندے کے طور پر، ایف پی سی سی آئی ان مواقع کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دکھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہم بشمول ٹیکس مراعات، منظم ریگولیٹری عمل اور سرمایہ کار کے لیے دوستانہ پالیسیوں کی تیاری سمیت سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے سفارشات مرتب کرنے پر کام کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرتے ہوئے نئی راہیں کھولی ہیں، انہوں نے کہا اورایف پی سی سی آئی کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ اعلیٰ صلاحیت والے شعبوں کی نشاندہی کرنے، قابل عمل حکمت عملی تیار کرنے اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سعود فیصل ملک نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ سی پیک کے اہداف قومی اقتصادی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہوں،پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحولیاتی نظام کو بڑھانے میں ایس آئی ایف سی کی حمایت کریں گے۔
ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد کے چیئرمین کریم عزیز نے اپنے خطاب میں علاقائی روابط، اقتصادی انضمام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں کے باعث سی پیک کو نمایاں تبدیلی لانے کی صلاحیت کاحامل منصوبہ قراردیا ۔ کمیٹی نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مواقع فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے سفارشات مرتب کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے صدر اورایف پی سی سی آئی کے ڈپٹی کنوینر وائس ایڈمرل (ر) احمد سعید نے چینی ہم منصبوں کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات شیئر کیے اور ان سے سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاک بحریہ میں اپنے 41 سالہ کیریئر کے حامل وائس ایڈمرل احمد سعید نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ کمیٹی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اعلیٰ صلاحیت والے شعبوں کی نشاندہی کی جا سکے اور کاروباری ماحول کو قابل بنایا جا سکے۔
آخر میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون نے ایف پی سی سی آئی اور سینٹرل سٹینڈنگ کمیٹی برائے سی پی ای سی کی جانب سے تمام معزز شرکاء کا ان کی قیمتی بصیرت اور میٹنگ میں فعال تعاون کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ، پاکستان کے اعلیٰ ترین کاروباری ادارے کے طور پر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ زیر بحث قراردادوں کو مؤثر طریقے سے پہنچایا جائے اور ہمارے ملک پر سی پیک کے سماجی و اقتصادی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے بامعنی اقدامات کو اجاگر کیا جائے۔
 منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)، ٹیسوری گروپ، عمران ٹیسوری، سی ای او ایس بی میڈیا (پرائیویٹ لمیٹڈ )احسن طارق بٹ، ڈائریکٹر ایس بی میڈیا عاطف بٹ،چیئرمین معروف انٹرنیشنل ہسپتال چوہدری نصیر، سی ای او زیوس انرجی فہیم اشرف، سی ای او سنچری انویسٹمنٹ حسنین ملک،سی ای او ایم بی 8 پرائیویٹ لمیٹڈ سعد عباس اور ایم ایس بلور انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ شیرباز بلور نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان اور دنیا کی معروف کاروباری کمپنیوں اور چیمبرز کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔