لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں ترقیاتی سکیموں اور منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ اگلے سال کے دوران ہر شعبے کی نئی سکیم کے لیے ورک آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز (اے ڈی پی) کے جائزہ اجلاس مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہے، جن میں “کمیونیکیشن اینڈ ورکس” اور “لوکل گورنمنٹ” کی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نبیل احمد اعوان، سیکرٹری آصف طفیل اور دیگر وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر شفافیت، بروقت تکمیل اور نئی سکیموں کے حوالے سے نصف سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے فیز ٹو کی نئی سکیموں پر پیشگی کام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
صحت کے شعبے میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے 904 بنیادی ہیلتھ یونٹس مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ اگلے ماہ فروری تک ترقیاتی منصوبوں کے لیے 262 ارب روپے جاری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 20 ہزار سے زائد دیہات میں اوپن سیوریج کے مسائل پر جامع منصوبہ بنانے کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیوریج لیکج کی روک تھام کے لیے پائیدار سیوریج نظام بنایا جائے گا، تاکہ پولیو اور بچوں کی نشوونما کی کمی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
ترقیاتی منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے مزید خرچ کیے جائیں گے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے فنڈز کے موثر اور شفاف استعمال کی نئی مثال قائم کی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی اینڈ ڈبلیو کی 1602 سکیموں میں سے 528 جاری اور 1074 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ چھوٹی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 376 سکیموں کا طریقہ کار بنانے کی ہدایت دی گئی۔ عوامی سہولت کے لیے اب تک 72 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ دس سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تناسب ہے۔
سڑکوں کی معیاری تعمیر کے لیے ٹھیکیداروں کو میرٹ پر ٹھیکے دیے گئے ہیں، جبکہ تعمیر شدہ سڑکوں کی نگرانی اور معائنے کا عمل جاری ہے۔ تعمیراتی سامان اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ واہگہ بارڈر کی سکیم شروع کی گئی ہے، جبکہ گوجرانوالہ اوور ہیڈ برج کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پارکس اور قبرستانوں کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کی 3404 سکیموں میں سے 136 جاری اور 3268 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ راولپنڈی کے گاؤں ڈیہلا اور رائیونڈ میں پانی کی فراہمی کی بحالی، پنجاب میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے منصوبے، اور سیالکوٹ سے بس سٹینڈ کی منتقلی کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اور مری ڈویلپمنٹ منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ستھرا پنجاب منصوبے کو کم لاگت کے باوجود عوام نے بھرپور سراہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی اور معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








