پاکپتن(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈولتی معیشت سنبھل رہی ہے، ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، نوجوانوں نے لائیو اسٹاک اسکیم کا خیر مقدم کیا، اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندی پر پہنچ چکی ہے۔
پاکپتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور کے بعد ایک بار پھر معیشت کے لیے اچھی خبریں آنے لگی ہیں، ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، لائیو اسٹاک اسکیم حاصل کرنے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے وقت پاکستان کے ڈیفالٹ اور ملک کے دیوالیہ ہونے کی خبریں آتی تھی، ملک کو سری لنکا سے ملایا جایا جاتا تھا لیکن آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 10 ماہ بھی نہیں ہوئے اور اسٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ توڑنے کی خبریں آرہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کئی حکومتیں ایسی دیکھی جو آخری وقت تک عوام کو کہتی تھی کہ ہم (منصوبوں) پر کام کرنا چاہتے تھے، ہم اس چیز سے باہر نکل آئے ہیں، عوام کو لائیو اسٹاک کا ثمر ملنا شروع ہوگیا ہے، عوام کو فائدہ پہنچنا شروع ہوا ہے اس لیے میں آپ کے پاس آئی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے اور استحکام نظر آرہا ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں آٹے اور روٹی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، باقی صوبوں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے روز اپنی ٹیم سے بحث کرتی ہوں، 15 کروڑ عوام نے روٹی کھانی ہے اس لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ اب وقت ہے کہ معاشی بہتری کا ثمر عام عوام کو ملنا شروع ہو، لوگوں کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہونا چاہیے، عوام کے پاس اتنی استطاعت ہو کہ اپنے بچوں کو تین وقت کی روٹی کھلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کا پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے جس میں عوام کو فی جانور ( اگر 10 سے کم جانور) ہیں تو مذکورہ کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 70 ہزار روپے بلا سود 4 ماہ کے لیے دیئے جائیں گے تاکہ جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کی جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب کی عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمد میں بھی کار آمد ثابت ہوں گی۔








