اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی پر قوم کو مبارکباد دی ہے، خاص طور پر پیرس کے لیے پہلی پرواز کی روانگی کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحالی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولت فراہم کرے گی، جو اب براہ راست پروازوں سے مستفید ہو سکیں گے۔
وزیرِاعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروازوں کی بندش کے باعث قومی ایئر لائن کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا اور اس کی ساکھ کو دھچکا پہنچا۔ تاہم، اللہ کے فضل سے حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کرتے ہوئے پی آئی اے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔
یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ قومی ایئر لائن کی بحالی کے سفر کا آغاز ہے۔ اس کامیابی پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ ہوابازی و وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، اور متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا گیا۔









