facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا گوادر ائیرپورٹ کی فعالی پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کے آغاز پر گہری خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع کو پاکستان کی ترقی اور خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج اللہ کے فضل سے گوادر کو وسطی اور مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ، اور خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کی جانب ایک اور قدم اٹھایا گیا ہے۔ گوادر ائیرپورٹ کی فعالی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور سی پیک کے ذریعے خطے کی خوشحالی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ہوگی۔

وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کے آغاز کو پاکستان اور خطے کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ عزم کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت ہونے والے اہم منصوبے نواز شریف کے دور میں شروع ہوئے اور ان کے دوراندیش فیصلے آج ثمر دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے پاک چین دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ گوادر ائیرپورٹ اس مثالی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا وہ بھائی ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، سیکیورٹی افسران، اہلکاروں، اور عسکری قیادت کی ائیرپورٹ کی تعمیر میں انتھک محنت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوادر ائیرپورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی کا مرکز ثابت ہوگا۔