اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں ایک فیصد کمی کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کا 12 فیصد پر آنا ملکی معیشت کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ میں کمی کم افراط زر کی شرح کی بدولت ممکن ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ آئندہ مہینوں میں افراط زر میں مزید کمی دیکھنے کو ملے گی۔
وزیراعظم نے معیشت کی بحالی کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو بھی سراہا اور انہیں لائق تحسین قرار دیا۔









