بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کے امیدواروں کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، علی زیدی کادعویٰ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق علی زیدی نے کہا کہ شرجیل میمن اور انکے رفقا پی ٹی آئی کے بلدیاتی امیدواروں کو ہراساں کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس پی ٹی آئی امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے، سندھ پولیس شرجیل میمن کے کہنے پر حیدرآباد میں امیدواروں کو ہراساں کر رہی ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت ریاستی مشینری کو انتخابات سے قبل دھاندلی کے لیے استعمال کر رہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ پولیس کو اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کو کہا گیا ہے کہ بلدیاتی امیدواروں کو کاغزات جمع کروانے سے روکا جائے، پیپلز پارٹی سندھ میں دھونس، زبردستی و غنڈہ گردی کی سیاست پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواہشات پر اندرون سندھ میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، انتخابی شیڈول کے اعلان کے باوجود تبادلے، تقرریاں اور ترقیاتی کام جاری ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت کی غنڈہ گردی پر الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے، زرداری مافیا کا سرغنہ شرجیل میمن حالات خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ یہ جانتے ہیں کہ حیدرآباد میں ان کا میئر آنا نا ممکن ہے، پولنگ کے دن ان کی زیادتیوں کا جواب عوام بلے پر ٹھپہ لگا کر دیں گے۔