اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے مسلسل دوسرے ماہ 3 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کوالالمپور سے روانگی کے موقع پر ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ ترسیلات زر ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی آ چکی ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ جنوری 2025 میں ترسیلات زر میں 25 فیصد اضافہ ہونا اور 3 ارب ڈالر کی حد مسلسل دوسرے مہینے برقرار رہنا اس بات کا عکس ہے کہ بیرون ملک پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درست معاشی فیصلوں اور روپے کی قدر میں استحکام سے پاکستان کی معیشت اور عوام کو فائدہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ لوگ جو بیرون ملک پاکستانیوں کو رقوم نہ بھجوانے کے مشورے دے رہے تھے، خود تنہائی کا شکار ہو گئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ان کے بائیکاٹ سے واضح کر دیا ہے کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کو تسلیم کر رہے ہیں اور آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے خود تسلیم کیا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ان کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک مزید استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔









