اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخارنے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی بھارت سے متعلق حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بیان کی سیاق و سباق سے ہٹ کرتشریح کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت کے ساتھ تعلقات کے متعلق بات کوغلط طریقے سے پیش کیاجارہا ہے، پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعاون پرمبنی تعلقات کاخواہاں ہے، تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے نتیجہ خیزمذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرپربھارتی اقدامات نےبنیادی حقوق پرحملہ اوراسلاموفوبیا میں اضافہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی غیرمتزلزل دشمنی اورتوسیع پسندانہ اقدامات نےماحول خراب کیاہے، بھارت بامعنی اور نتیجہ خیزبات چیت کیلئے ضروری اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گزشتہ روز انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹيجک اسٹڈیز سے خطاب میں وزيرخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو حقیقت پسندانہ اور درپیش چیلنجز پر مبنی ایسی خارجہ پالیسی بنانا ہوگی جس سے پاکستانیوں کو فائدہ ہو۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر اور اسلامو فوبیا کے باعث بھارت سے تعلقات خراب ہیں لیکن بھارت سے مذاکرات کے ذریعے معاملات سلجھائے جاسکتے ہیں، بھارت سے مذاکرات ہی معاملات حل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
بھارت سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کوئی نہیں آئی،ترجمان دفترخارجہ








