بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  حکومت متنازع کینالزمنصوبہ ترک کر ے ورنہ پیپلز پارٹی ساتھ نہیں چل سکتی ،بلاول بھٹو

حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، دریائے سندھ پر کینالر بنانے کا منصوبہ ہم سب کو پیاسا مروانے کا منصوبہ ہے،سندھ کے عوام نے کینالز منصوبے کو مسترد کردیا  وزارتوں کو لات مارتے ہیں، کینالز کی مخالفت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،  وفاقی حکومت فوری طور پر نہریں بنانے کا اپنا متنازع منصوبہ روکے ورنہ پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکتی۔
۔ حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کی جیت مبارک ہو، پاکستان کے عوام آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں، سندھ کے عوام نے ثابت کردیا کہ سندھ میں صرف تیر کا مینڈیٹ ہے، 17 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی ایک طرف، فتح ہمیں ملی۔انہوں نے کہا کہ حیرت تو اس بات پر ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور ن لیگ ایک پیج پر تھے، مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دی اور وہ منھ دکھانے کے قابل نہیں رہے، یہ سب ایک ہی نکتے ہر ڈٹے تھے کہ پی پی کو ہرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی کے ووٹرز نے اسلام آباد کو شکست دی ہے، اور یہ پیغام بھیجا ہے کہ اس صوبے کے عوام شہید بے نظیر بھٹو اور صدر آصف زرداری کے ساتھ آج بھی کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے کینالز منصوبہ مسترد کردیا، اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، 6 میں سے دو کینالز کی منظوری قیدی نمبر 420 نے دی تھی، اسلام آباد والے ہماری بات سنیں ہم آپ کے مںصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، ہم نے شہباز شریف کو ایک بار نہیں دو بار وزیراعظم بنوایا اور کیا اب دھمکی سے پیپلز پارٹی کو ڈرایا جائے گا؟انہوں نے مزید کہا کہ میں حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں کینالز کے معاملے پر پیچھے ہٹوں گا۔ میرے پاس کوئی فارم 47 ہے اور نہ سلیکٹڈ ہونے کا سرٹیفیکٹ۔ میرے ساتھ تو یہ عوام ہیں جو سامنے کھڑے ہیں۔ آپ اپنا منصوبہ چھوڑیں، میں اپنے عوام کو نہیں چھوڑوں گا۔‘بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’پی پی پی کا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر نہریں بنانے کا اپنا متنازع منصوبہ روکے ورنہ پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکتی۔بلاول کا کہنا تھا کہ شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، انہوں نے گندم اسکینڈل کی وجہ سے کسانوں کا معاشی قتل عام کیا، شیر والے صرف عوام کا خون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے، حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں گا میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عین اسی وقت جب دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان اور خیرپختونخوا میں حملے کررہی ہیں، اور پورے ملک میں دہشت گردی کی آگ لگی ہوئی ہے، آپ نے ایک ایسا موضوع چھیڑ دیا ہے جس سے بھائی کو بھائی سے لڑنے کا خطرہ ہے اور وفاق کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے اور سب سے بڑھ کر ہمارے پیاسے مر جانے کا خطرہ ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ متنازع کینال بنانے والے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں، اور ہماری وجہ سے طاقت ان کے پاس ہے، اگر آج شہباز شریف وزیراعظم ہیں تو انہیں سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔