اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تحریک انصاف کے منحرف رہنماء محسن عطاء کھوسہ نے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
درخواست میں پاکستان تحریک انصاف، پارٹی کے چیئرمین عمران خان، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ سبطین خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
محسن عطاء کھوسہ نے آئین کے آرٹیکل 63 اے (5) کے تحت 20 مئی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے حکم نامے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کرکے نئے ضمنی انتخابات کا غیرقانونی فیصلہ دیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ خلاف قانون اور حقائق کے منافی ہے۔
درخواست میں کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا، اس لئے الیکشن کمیشن کا 20 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔









