بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 دیامیر بھاشا ڈیم متاثرین سے متعلق اہم پیشرفت، کمیٹی نے سفارشات کو حتمی شکل دے دیا

 اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر دیامیر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈیم متاثرین کے جائز مطالبات پر مکمل اتفاق رائے سامنے آیا اور کمیٹی نے حتمی سفارشات کو منظوری کے لیے تیار کر لیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے شرکت کی۔سیکریٹری امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا اور سیکریٹری آبی وسائل سید علی مرتضیٰ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے دونوں جانب سے تیار کردہ سفارشات پر باقاعدہ دستخط کیے گئے، جو کہ ایک بڑی پیشرفت تصور کی جا رہی ہے۔انجینئر امیر مقام نے اجلاس کے اختتام پر تمام کمیٹی ممبران اور متاثرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ایک تاریخی موقع ہے، اب ان سفارشات پر عملدرآمد ہماری اصل کامیابی ہوگی۔”انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی نے متفقہ طور پر متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اور قابل عمل اقدامات تجویز کیے ہیں، جو اب وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ متاثرین کے جائز مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں اور مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت تھی کہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اسے متاثرین کمیٹی کے نمائندوں کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا. وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے بھی اس موقع پر متاثرین کمیٹی کے ارکان کو مبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بھی اسے ایک بڑی کامیابی اور پورے ملک بالخصوص گلگت بلتستان کے لیے خوشخبری قرار دیا۔متاثرین کمیٹی نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور تمام کمیٹی ممبران کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔