بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انجینئر امیر مقام کا سانحۂ سوات کے بعد عوامی املاک کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے سانحۂ سوات کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی قانونی اور ملکیتی املاک کو نقصان پہنچانے پر شدید ردعمل دیا ہے۔

اپنے بیان میں امیر مقام نے کہا کہ سوات میں تجاوزات کے نام پر کی جانے والی کارروائی کے دوران لوگوں کی قانونی و جائز املاک کو نقصان پہنچانا قابلِ مذمت ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے “سیاحت کی تباہی” کا بحران پیدا کر رہی ہے، جو کہ نہایت افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ ان کے قانونی اور ملکیتی ہوٹل کی باؤنڈری وال کو گرانا سیاسی انتقام اور اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹل کی تمام قانونی دستاویزات، ملکیت، این او سی اور نقشہ متعلقہ حکام سے منظور شدہ ہیں اور وہ قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

امیر مقام نے حاجی جلات خان سمیت تمام متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کی قانونی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ان کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی ہے۔