بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہنگو: پولیس کا خوارج کے خلاف بڑا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، ڈی پی او اور ایس ایچ او زخمی

ہنگو(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے خارجی دہشتگردوں کے خلاف دوآبہ کے مختلف علاقوں میں بڑا آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 خارجی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ آپریشن ”زرگیری“، ”شناوڑی“ اور گردونواح کے علاقوں میں کیا گیا۔ کارروائی ڈی پی او خالد خان کی براہ راست نگرانی میں کی گئی، اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار خارجی مارے گئے۔

آپریشن کے دوران ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی افسران کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، جبکہ ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور خوارجیوں کے خلاف سرچ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ اس آپریشن کو مقامی سیکیورٹی اداروں کی معاونت حاصل تھی اور یہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔

اس حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل ذوالفقار حمید نے بتایا کہ ہنگو میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشن کے دوران متعدد دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو کر رہے تھے، جو اس کارروائی کے دوران زخمی ہو گئے۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے تصدیق کی کہ ڈی پی او کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ان سے رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈی پی او سے بات کی ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشتگردوں کے خلاف اپنے مشن پر قائم ہیں‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ آپریشن خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری کارروائیوں کا حصہ ہے اور مستقبل میں بھی دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے زرخیز معلومات اور مقامی تعاون کے تحت یہ کارروائی کی، جس میں کئی اہم خارجی عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔