پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیاگیا،کابینہ میں 10 وزراء اور مشیروں کے اضافے کا امکان ہے، مری میں شریف خاندان کی اہم بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، کابینہ میں شامل ہونے والوں میں اکثریت جنوبی پنجاب سے ہوگی جبکہ پنجاب کابینہ میں توسیع آئندہ ماہ میں متوقع ہے۔
پاکستان کے تفریحی پہاڑی مقام مری میں شریف خاندان کی اہم بیٹھک ہوئی، اس بیٹھک میں ن لیگ کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شرکت کی۔
اس اہم بیٹھک میں پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور مجموعی طور پر مزید 10 وزراء اور مشیروں کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا ءاور مشیروں کی اکثریت جنوبی پنجاب سے ہوگی اور کابینہ میں یہ توسیع آئندہ ماہ متوقع ہے۔
ن لیگ کے صدر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو نہ صرف پنجاب کابینہ کی توسیع کا گرین سگنل دے دیا بلکہ نواز شریف اور مریم نواز اراکین سے ملاقاتوں میں نام بھی شارٹ لسٹ کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف گزشتہ تین روز سے مری میں کشمیر پوائنٹ باغ شہیداں میں اپنی رہائشگاہ پر قیام پذیر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف بھی مری پہنچے اور ان کی دعوت پر نواز شریف اور مریم نواز ڈونگا گلی پہنچے، جہاں یہ اہم مشاورت اور فیصلہ کیا گیا۔








