اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں پسند کے شادی کرنے والے جوڑے کے قتل والوں بلوچوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’ایکس‘ پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ریاست کے خلاف بندوق ا ٹھائی ہوئی ہے، وہ پہلے اس نظام کے خلاف آواز اٹھائیں جو آپ کے آس پاس رائج ہے، سارا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ظلم کے نظام کے ذمہ دار آپ کے بھائی بند ہیں، دوسرے صوبوں سے آئے مسافر اور روزی روٹی کمانے والے مزدور نہیں ہیں جن نہتوں کو آپ گولیاں مارتے ہیں، آپ کی جدوجہد کی بنیاد منافقت ہے، آپ کی شناخت وطن دشمنی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والے دونوں بچوں نے پسند کی شادی کی، ڈیڑھ سال چھپ کر رہتے رہے پھرانہیں ڈھونڈ لیا گیا، جرگے نے واپسی کا جھانسہ دیا، وہ لوٹ آئے پھر جرگہ نے ان کی موت کا فیصلہ سنا دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پہلے لڑکے کو گولی ماری پھر لڑکی کو بھی گولیوں سے بھون دیا، قران پاک ہاتھ میں تھامے خاتون کی بے بسی بتا رہی ہے کہ اس کو مارنے والے یہ سارے مرد کتنے غیرت مند ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قتل میں ملوث مجرم بھی درندے ہیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں، امید ہے مجرموں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان کے لیے یہ قتل ایک ٹیسٹ کیس ہونا چاہیئے، یہ صنفی دہشت گردی ہے۔
اس موقع پر سینیٹر مشتاق نے بھی بلوچستان واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پتھر دل انسانوں، سرخ لباس میں ملبوس اس معصوم بے گناہ گلاب کو مسلتے ہوئے ذرا ترس نہیں آیا؟ ان جاہلانہ روایات پر تھو کیا پسند کی شادی جرم ہے؟ کیا مرضی کا نکاح جرم ہے؟ یہ درندگی ہے، یہ دہشت گردی ہے، یہ بدترین جہالت ہے، کہاں ہیں حکومتیں؟ کہاں ہیں عدالتیں؟








