بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقوں ڈغاری، مارگٹ اور ماروڑا میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان جوڑے کو مقامی جرگے کے حکم پر غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی ہاتھ میں قرآن اٹھائے جرگے کے افراد سے رحم کی اپیل کر رہی ہے، لیکن ایک شخص یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ “اس کے ہاتھ سے قرآن بھی لے لو”۔
مقتول نوجوان کا نام احسان اللہ بتایا گیا ہے جو سمالانی قبیلے سے تعلق رکھتا تھا جبکہ لڑکی بانو بی بی کا تعلق ساتکزئی قبیلے سے تھا۔ دونوں پر قبائلی روایات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق پہلے ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا جو ادا کیا جا چکا تھا، لیکن علاقہ چھوڑنے کے بعد دوبارہ واپسی پر انہیں مقامی جرگے نے موت کی سزا سنا دی۔
یہ واقعہ پاکستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے ان بے شمار جرائم میں ایک اور دردناک اضافہ ہے۔ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی سال 2024 کی رپورٹ کے مطابق صرف بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کے 47 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 70 فیصد سے زائد متاثرین خواتین تھیں۔ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے مطابق پاکستان میں ہر سال ایک ہزار سے زائد خواتین غیرت کے نام پر قتل کی جاتی ہیں اور ان میں سے بیشتر کیسز رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔
واقعے پر سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے اور #JusticeForDughariVictims اور #EndHonorKillings جیسے ہیش ٹیگز کے ساتھ عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے کہ جرگہ سسٹم پر پابندی عائد کی جائے اور اس ظلم میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ ریاست کی مدعیت میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ تاہم تاحال جرگے کے ارکان کی گرفتاری یا مقتولین کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی عملی قدم سامنے نہیں آیا۔
پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل ناقابلِ معافی جرم ہے اور 2016 میں منظور ہونے والے قانون کے تحت قاتل اگر مقتول کا قریبی رشتہ دار بھی ہو تو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ اس واقعے نے ایک بار پھر اس بات کی ضرورت اجاگر کی ہے کہ ریاستی ادارے غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کے خلاف بھرپور کارروائی کریں اور متوازی نظامِ انصاف یعنی جرگہ سسٹم کو مکمل طور پر ختم کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی بانو بی بی یا احسان اللہ اپنی جان سے ہاتھ نہ دھوئے۔
کل سوشل میڈیا پر خاتون اور مرد کے قتل کی وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بلوچستان پولیس کو کاروائی کے احکامات جاری کئے تھے۔ ویڈیو میں مقتولین کی شناخت ہو چکی ہے، واقعہ عید سے چند دن قبل کا ہے۔ ریاست کی مدعیت میں دہشت گردی کا مقدمہ درج اور ایک مشتبہ قاتل گرفتار ہو چکا ہے، قانون…
— Sarfraz Bugti (@PakSarfrazbugti) July 20, 2025








