اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے پاکستان میں تعینات افغان سفیر سردار احمد شکیب سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان خوشگوار تعلقات، دوطرفہ تجارت اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔
محمد علی درانی نے افغانستان کی قیادت کے لیے پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات نہ صرف باہمی اعتماد میں اضافہ کریں گے بلکہ خطے کی معاشی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور عوامی رابطے دوطرفہ اعتماد سازی اور مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے، جبکہ تجارت کے فروغ سے امن کو بھی تقویت ملے گی۔
ملاقات میں خاص طور پر دونوں ممالک کے تاجروں، چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔ محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان خوشگوار تعلقات خطے کی پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں۔
افغان سفیر سردار احمد شکیب نے محمد علی درانی کی مثبت سوچ اور تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ تجارت کا حجم بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ہے، اور ہم ان تجارتی تعلقات میں کسی قسم کی کمی نہیں چاہتے۔
افغان سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت کے فروغ سے نہ صرف دونوں ممالک مستفید ہوں گے بلکہ خطے میں استحکام اور خوشحالی کا در بھی کھلے گا۔ انہوں نے محمد علی درانی کی تجاویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے جاری رکھنے اور مستقبل میں عملی اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔








