خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بجلی ڈیوٹی سے متعلق وزیر توانائی سردار اویس لغاری کو خط لکھ دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا بجلی ڈیوٹی ختم کرنے سے قبل صوبے سے مشاورت نہیں کی گئی، صوبے کو آئین کے تحت بجلی پر ٹیکس لگانے کا حق حاصل ہے اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیاں بجلی ڈیوٹی جمع کرانےکی پابند ہیں۔
خط میں کہا گیا صوبےکو میٹرنگ، بلنگ اور بجلی چوری پر ہدایات دینے کا اختیار حاصل ہے، مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی)کی منظوری کے بغیر بجلی ڈیوٹی کی منسوخی غیرقانونی ہے، آرٹیکل 279 کے تحت تمام ٹیکس برقرار رہیں گے جب تک منسوخ نہ ہوں۔
خط میں مزید کہا گیا پیسکو، ٹیسکو اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو کے پی کےقوانین کی پیروی کرنی ہوگی، قانونی طورپر بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیاں ہی بجلی ڈیوٹی وصول کرنے کی مجاز ہیں، یہ کوئی عام ٹیکس نہیں جو متبادل طریقے سے وصول کیا جاسکے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن بجلی ڈیوٹی ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، خیبرپختونخوا آئینی حدود میں رہ کر مذاکرات کے لیے تیار ہے، یکطرفہ فیصلہ وفاق اور صوبے کے درمیان ٹکراؤ کو جنم دے سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجلی ڈیوٹی کے خاتمے کیلئے وزیر توانائی کو خط لکھ دیا








