وزارتِ قانون نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری پر بلاجواز تنقید کو افسوسناک قرار دے دیا
وزارت قانون کےاعلامیے کے مطابق مخصوص نشستوں پر حلف برداری کو متنازع بنانے کی کوشش غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ پر تنقید بے بنیاد اور افسوسناک ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی عناصر بغیر آئینی مطالعے کے حلف برداری کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، مخصوص نشستوں پر حلف برداری کو متنازع بنانے کی کوشش غیرذمہ دارانہ اقدام ہے،
اعلامیے میں وزارت قانون نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ پر کی جانے والی تنقید کو بھی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے آئین کے مطابق گورنر کو حلف برداری کی ذمہ داری سونپی، آئین کا آرٹیکل 255 حلف برداری کے تعطل پر چیف جسٹس کو نامزدگی کا اختیار دیتا ہے۔
وزارتِ قانون نے واضح کیا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے آئین مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے، اور اسی کی روشنی میں تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








