بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اہم ملاقات

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نےنیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی، جو اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں ہوئی۔ اس اہم ملاقات میں عالمی، علاقائی اور دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کی کثیرالطرفہ نظام سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی 80ویں سالگرہ کی مہم کو ایک ایسا موقع قرار دیا جو عالمی سطح پر امن، ترقی اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کے ساتھ مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، اور دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات بھی تفصیل سے بیان کیے۔
اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا، اور زور دیا کہ ان قراردادوں پر مکمل عملدرآمد عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے غزہ میں جاری جنگ کے فوری خاتمے، جنگ بندی اور اسرائیلی قبضے کی مخالفت پر پاکستان کی پوزیشن کو دہرایا۔ انہوں نے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں، ترقی پذیر ممالک کو درپیش معاشی چیلنجز پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں مالی معاونت، قرض ریلیف، اور عالمی مالیاتی اداروں میں مساوی نمائندگی جیسے نکات شامل تھے۔

اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر بھی گفتگو کی گئی، اور اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی جانب سے اسلاموفوبیا کے خلاف نمائندہ (یو این ایلچی) کی تقرری کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت پر زور دیا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے عالمی فورمز پر کردار، خاص طور پر سلامتی کونسل میں سرگرمیوں کو سراہا اور مختلف عالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف کی تحسین کی۔