بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ نے بھارت کو ایک بار پھرسخت تجارتی اقدام کی دھمکی دے دی

  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے خلاف ایک بار پھرسخت تجارتی اقدام کی دھمکی دے دی ۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم پہلے ہی بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر چکے ہیں، مگر اب ہم اس میں نمایاں اضافہ کرنے جا رہے ہیں، جس کا اعلان آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی خبردار کیا کہ ایک سال میں امریکہ میں درآمد ہونے والی ادویات کی قیمتیں 150 سے 250 فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔ یہ بیان ممکنہ طور پر بھارت پر دباؤ بڑھانے کے لیے دیا گیا ہے، کیونکہ بھارت فارماسیوٹیکل اشیاء کا ایک بڑا برآمد کنندہ ہے۔
بھارتی برآمدی صنعت خطرے میں
ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ ٹیرف میں اضافے سے بھارت کی برآمدی صنعت خاص طور پر ٹیکسٹائل ، فارماسیوٹیکل ، آٹو پارٹس کوشدید نقصان پہنچ سکتا ہے،یہ وہ شعبے ہیں جو امریکی منڈی پر بڑی حد تک انحصار کرتے ہیں۔
 روس سے تیل خریداری پر سیاسی دباؤ

ماہرین کے مطابق یہ ممکنہ تجارتی اقدام سیاسی دباؤ کا ایک حربہ ہو سکتا ہے، جس کا مقصد بھارت کو روس سے تیل کی خریداری محدود کرنےپر مجبور کرنا ہے۔ تاہم، بھارت پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ ہم اپنی قومی ضروریات کے تحت آزادانہ فیصلے کرتے رہیں گے۔
عالمی منڈیوں اور سرمایہ کاروں کی نظریں
اس صورتحال پر عالمی منڈیاں بین الاقوامی سرمایہ کاردونوں ممالک کے تجارتی حلقےبڑی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ اس کا اثر نہ صرف دونوں معیشتوں بلکہ عالمی سپلائی چین پر بھی پڑ سکتا ہے۔
سوشل ٹروتھ پر صدر ٹرمپ کا سخت بیان
یاد رہے کہ ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر اپنے بیان میں بھارت پر الزام لگایا تھا کہ بھارت روس سے پیٹرول خرید کر اسے دیگر ممالک کو زائد منافع پر فروخت کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاتھابھارت دراصل روس سے تیل خرید کر یوکرین جنگ میں روس کی بالواسطہ مدد کر رہا ہے۔