بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایمریٹس ایئرلائن کا بڑا فیصلہ، یکم اکتوبر سے پروازوں میں پاور بینک لے جانا ممنوع

ابوظہبی (نیوز ڈیسک) ایمریٹس ایئرلائن نے اپنے مسافروں کے لیے ایک اہم اعلان کیا ہے۔اب یکم اکتوبر 2025 سے اس کی پروازوں میں پاور بینک لے جانا اور استعمال کرنا مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد فضائی سفر کے دوران لیتھیم بیٹریوں سے جڑے خطرات کو کم کرنا ہے۔

تاہم، اس تاریخ تک مسافروں کو چند شرائط کے ساتھ پاور بینک ساتھ رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان شرائط میں یہ شامل ہے کہ پاور بینک کی گنجائش 100 واٹ آورز سے کم ہو، سفر کے دوران اسے کسی ڈیوائس کو چارج کرنے کے لیے استعمال نہ کیا جائے، اور نہ ہی ہوائی جہاز کے پاور سورس کے ذریعے پاور بینک کو چارج کیا جائے۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق، حالیہ برسوں میں فضائی سفر کے دوران پاور بینک کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث لیتھیم بیٹری سے جڑے حادثات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پاور بینک عام طور پر لیتھیم آئن یا لیتھیم پولیمر بیٹریوں پر مشتمل ہوتے ہیں، جو زیادہ چارج یا خرابی کی صورت میں “تھرمل رن وے” کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس عمل میں بیٹری کا درجہ حرارت بے قابو ہو کر خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے، جو آگ، دھماکے یا زہریلی گیسوں کے اخراج کا باعث بن سکتا ہے۔

اگرچہ جدید اسمارٹ فونز اور کئی بیٹری سے چلنے والے آلات میں اضافی چارجنگ سے بچانے والا حفاظتی نظام موجود ہوتا ہے، لیکن زیادہ تر پاور بینکس میں یہ فیچر نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ ایمریٹس نے اس اقدام کو ضروری قرار دیا ہے تاکہ سفر کے دوران مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔