بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی پابندیوں کو اب انسانیت کے خلاف جرم تسلیم کرنے کا وقت آ گیا،عباس عراقچی

تہران(انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کو اب انسانیت کے خلاف جرم تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے ان تمام ممالک سے اپیل کی جو اس وقت یا ماضی میں امریکی پابندیوں کا نشانہ بنے، کہ وہ متحد ہو کر مشترکہ ردعمل دیں اور اس معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند کریں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں عراقچی نے طبی جریدے لانسیٹ گلوبل ہیلتھ میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی مطالعے کا حوالہ دیا، جس میں بین الاقوامی پابندیوں کے انسانی جانوں پر اثرات کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق مغربی حکومتیں برسوں سے یہ دعویٰ کرتی آئی ہیں کہ پابندیاں جنگ کا پرامن متبادل ہیں، لیکن نئی تحقیق کے مطابق یکطرفہ پابندیاں، خصوصاً امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی، جنگ جتنی مہلک ثابت ہو سکتی ہیں۔

عراقچی نے بتایا کہ 1970 کی دہائی سے اب تک ہر سال پانچ لاکھ سے زائد جانیں پابندیوں کے اثرات سے ضائع ہو رہی ہیں، جن میں زیادہ تر بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عائد غیر انسانی پابندیوں کے خلاف عالمی اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ اس عمل کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا جا سکے۔

انہوں نے نشانہ بننے والے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے اقدامات کو ہم آہنگ کر کے اجتماعی اور مؤثر ردعمل دیں، تاکہ اس مسئلے کا مقابلہ عالمی سطح پر کیا جا سکے۔