بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلسطینی ریاست کے قیام میں رکاوٹ ڈالنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، سعودی عرب

سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے کو بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میںمقبوضہ یروشلم میں یہودی آباد کاروں کے لیے جاری غیر قانونی تعمیرات کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی ریاست میں ضم کرنے کا فیصلہ، دو ریاستی حل کو سبوتاژ کرنے کی ایک منظم کوشش ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں دیرینہ تنازعے کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔”
وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ اقدامات اسرائیل کی غیر قانونی توسیع پسندانہ پالیسیوں کو ظاہر کرتے ہیں جو عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا قانونی، اخلاقی اور انسانی کردار ادا کریں۔
بیان میں غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے اور زور دیا گیا ہے کہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔