بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی والوں، گھبرانا نہیں ہے ، بارشوں پر طلحہ انجم کا سندھ حکومت پر طنزیہ وار

کراچی میں حالیہ شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات پر پاکستانی ریپ گلوکار طلحہ انجم بھی بول پڑے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر سندھ حکومت کو طنز کا نشانہ بنایا۔
گزشتہ روز شہرِ قائد میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں، گاڑیاں بند ہو گئیں، جبکہ کئی علاقوں میں پانی اب تک جمع ہے۔ افسوسناک طور پر مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج بھی شہر کی کئی اہم شاہراہیں جیسے کارساز، ملیر ہالٹ، آرام باغ، لیاقت آباد، اور یونیورسٹی روڈ پانی سے لبالب بھری ہوئی ہیں۔ خراب گاڑیاں اور گڑھے سڑکوں پر شہریوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
ایسے میں، طلحہ انجم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر طنزیہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کراچی والوں گھبرانا نہیں ہے، اجرک والی نمبر پلیٹ آپ کی گاڑی یا بائیک کو ڈوبنے نہیں دے گی۔
گلوکار کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جہاں صارفین نے ملا جلا ردعمل دیا۔ کچھ نے ان کے طنز کو “عوامی جذبات کی ترجمانی” قرار دیا، تو کچھ نے اسے نامناسب اور مذاق اُڑانے کے مترادف سمجھا۔
یاد رہے کہ اس وقت کراچی میں مون سون ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے داخل ہو رہی ہیں، جن کے زیرِ اثر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید گرج چمک اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ ماہرین نے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔