بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت میں عوامی لیگ کی سرگرمیاں تعلقات پر اثرانداز ہو سکتی ہیں، بنگلادیش کا انتباہ

بنگلادیش نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے اقدامات کرے جن سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بھارتی سرزمین بنگلادیش مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔

بنگلادیشی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت میں موجود کالعدم جماعت ’بنگلادیش عوامی لیگ کے دفاتر بند کرے۔ وزارت کے مطابق اس جماعت سے وابستہ کئی سینیئر رہنما انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کے مقدمات میں  مفرور ہیں اور بھارت میں آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بیان میں خاص طور پر 21 جولائی 2025  کو دہلی پریس کلب میں ہونے والی ایک تقریب کا حوالہ دیا گیا، جہاں عوامی لیگ کے ارکان نے ایک این جی او کے نام پر ایک عوامی رابطہ مہم چلائی اور صحافیوں میں تبلیغی مواد اور کتابچے تقسیم کیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں اس جماعت کی سرگرمیوں میں حالیہ مہینوں کے دوران واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر بنگلادیش نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ڈھاکا کا کہنا ہے کہ اگر ان عناصر کو بھارت میں کھلی چھوٹ دی گئی تو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ بنگلادیش نے اس حوالے سے بھارت سے سنجیدہ اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔