بھارت کے شہر کاشی پور کے ایک نجی اسکول میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک طالب علم نے مبینہ طور پر اپنے استاد گگن دیپ سنگھ پر فائرنگ کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے پستول اپنے ٹفن باکس میں چھپا کر اسکول لایا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فزکس کے استاد اپنی کلاس ختم کر کے نکلنے ہی والے تھے۔ اسی دوران طالب علم نے اچانک ٹفن سے پستول نکال کر ان پر فائر کر دیا۔ واقعے کے بعد اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمی استاد کو فوری طور پر قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت پر ڈاکٹروں کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد طالب علم فرار ہونے کی کوشش میں تھا، لیکن دیگر اساتذہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اُسے پکڑ لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیم اسکول پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ موقع سے 315 بور کا پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
تفتیش کے دوران طالب علم نے انکشاف کیا کہ پستول اس کے گھر کی الماری میں رکھا ہوا تھا، جو اس نے چوری چھپے نکال کر ٹفن باکس میں رکھ لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد لڑکے کے والد کچھ دیر کے لیے روپوش ہو گئے تھے، تاہم بعد میں منظر عام پر آ کر پولیس سے تعاون کیا۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ ہتھیار گھر میں کیسے پہنچا اور اس تک بچے کی رسائی کیسے ممکن ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ واقعے سے کچھ دن پہلے فزکس کی کلاس کے دوران استاد نے طالبعلم سے ایک سوال پوچھا تھا۔ طالب علم کے مطابق جواب دینے کے باوجود استاد نے اسے تھپڑ مارا، جسے اُس نے اپنی توہین سمجھا۔ اسی رنجش اور ذہنی دباؤ کے تحت اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس کے مطابق نابالغ طالب علم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ حکام واقعے کے ہر پہلو کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اصل محرکات تک پہنچا جا سکے۔
تھپڑ مارنے پرطالب علم نے استاد پرفائرنگ کردی








