بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران عباس کا ببرک شاہ کے تبصرے پر ردعمل، تنقید کو محرومی اور احساسِ کمتری قرار دے دیا

اسلام آباد (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار عمران عباس نے ببرک شاہ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ منفی تبصرے کرنے والے افراد دراصل اپنی محرومی اور احساسِ کمتری کو ظاہر کرتے ہیں۔

چند روز قبل ببرک شاہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں مختلف اداکاروں پر بات کرتے ہوئے عمران عباس کو فلموں کے لیے ناموزوں قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران عباس مردانہ شخصیت کے حامل نہیں لگتے۔ اسی دوران انہوں نے فواد خان کو بھی “اوور ریٹڈ” قرار دیا اور کہا کہ ان پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے لیکن بطور فلمی اداکار وہ زیادہ متاثر کن نہیں ہیں۔

عمران عباس نے ایک لائیو سیشن میں بغیر کسی کا نام لیے اس تنقید پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی رائے سے ان کی زندگی یا مقام پر کوئی اثر نہیں پڑتا کیونکہ اللہ نے انہیں ان کی سوچ سے کہیں زیادہ دیا ہے۔ ان کے مطابق دوسروں کی منفی باتیں سن کر وہ صرف دعا ہی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تبصرے کرنے والے اکثر اپنی زندگی میں ناکامیاں جھیل رہے ہوتے ہیں۔ “جب لوگ میری شکل پر تنقید کرتے ہیں تو اصل میں وہ اپنی محرومی ظاہر کر رہے ہوتے ہیں، یہ ان کے اندر کی کمی اور دکھ کو عیاں کرتا ہے۔”

عمران عباس نے کہا کہ شوبز میں بھی یہی صورتحال ہے۔ جو لوگ دوسروں پر تنقید کرتے ہیں ان کی زندگی دیکھ لیں تو معلوم ہوگا کہ وہ خود پیچھے رہ گئے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے لوگوں کے لیے ترس آتا ہے اور ان کے حق میں دعا نکلتی ہے کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔

یہ خبر شوبز انڈسٹری کے شائقین میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے کیونکہ مداح عمران عباس اور ببرک شاہ کے بیانات کو سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں ڈسکس کر رہے ہیں۔