ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) بالی وڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار اور سیف علی خان طویل عرصے بعد ایک بار پھر بڑے پردے پر اکٹھے نظر آئیں گے۔ دونوں اداکار 18 برس بعد ہدایت کار پریہ درشن کی نئی فلم حیوان میں جلوہ گر ہوں گے، جس کی شوٹنگ ریاست کیرالہ میں جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے فلم سیٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سیف علی خان اور ہدایت کار کے ساتھ موجود ہیں۔ ویڈیو میں اکشے “بزرگ” لکھے ٹی شرٹ پہنے ہوئے دکھائی دیے۔ اس پر پریہ درشن نے مزاح کرتے ہوئے کہا کہ اس پر “حیوان” لکھوانا چاہیے تھا۔
اکشے نے ہنستے ہوئے کہا کہ فلم میں سیف علی خان “شیطان” کا کردار ادا کریں گے۔ کبھی وہ شیطان جو سب کو نظر آتا ہے اور کبھی وہ جو کسی کو نظر نہیں آتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان کے اندر ایک نہ ایک شیطان چھپا ہوتا ہے، کوئی باہر سے بزرگ دکھتا ہے تو کوئی اندر سے حیوان۔
اکشے کمار نے یہ بھی کہا کہ سیف علی خان کے ساتھ تقریباً 18 سال بعد دوبارہ کام کرنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ دونوں نے اس سے قبل 2008 کی فلم ٹشن میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
فلم حیوان دراصل پریہ درشن کی 2016 کی ملیالم تھرلر اوپم کا ہندی ریمیک ہے۔ اس فلم میں کاجول، بوبی دیول اور اینار ہارلڈسن بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ پروڈکشن ٹیم کے مطابق فلم 2026 میں ریلیز کی جائے گی۔









