ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب سنیتا نے اپنے یوٹیوب وی لاگ میں جذباتی انداز میں اس موضوع پر بات کی۔ سوشل میڈیا پر والدین کی علیحدگی کی خبروں کے بعد جوڑے کی بیٹی ٹینا آہوجا نے ردعمل دیتے ہوئے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔
ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں ٹینا نے کہا کہ “یہ سب محض افواہیں ہیں، ان میں کوئی حقیقت نہیں۔ میں ان باتوں پر توجہ نہیں دیتی۔” ان سے جب پوچھا گیا کہ والدین اس صورتحال کا سامنا کیسے کرتے ہیں تو انہوں نے کہا “میں اب کیا بولوں، میرے والد ملک میں بھی نہیں ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے اتنی اچھی فیملی ملی، اور میں میڈیا، مداحوں اور چاہنے والوں کی محبت اور حمایت کی شکر گزار ہوں۔”
واضح رہے کہ جمعہ کی شب گووندا کو ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے 5 دسمبر 2024 کو باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے گووندا کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے، جس کے بعد مئی 2025 میں انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔









