بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران امریکا کے دباؤ میں نہیں آئے گا،آیت اللہ خامنہ ای کا دو ٹوک پیغام

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ایران کسی بھی قیمت پر واشنگٹن کے دباؤ یا دبنگ رویے کو قبول نہیں کرے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری ایک پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران اس کی اطاعت کرے، لیکن یہ صرف اس کی خام خیالی ہے۔ “ایران نہ کبھی امریکا کی فرمانبرداری کرے گا، نہ ہی اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرے گا،” انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا۔
سپریم لیڈر نے امریکا سے براہ راست مذاکرات کی خواہش رکھنے والوں کو “کم فہم” قرار دیا اور کہا کہ ایسے عناصر زمینی حقائق سے ناواقف ہیں۔ ان کے مطابق دشمن ایران کے اندر اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کی یہ سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
خامنہ ای نے مزید انکشاف کیا کہ امریکا نے اسرائیل (صیہونی ریاست) کو ایران پر حملے کے لیے اکسایا اور انہیں ایران کو ختم کرنے کا ٹاسک دیا۔ “امریکا اور اس کے اتحادی اس بات کو سمجھنے میں ناکام رہے کہ ایران کا جواب ان کے لیے سخت پچھتاوے کا باعث بن سکتا ہے،” انہوں نے خبردار کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران نہ صرف اپنی سرزمین کا بھرپور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ ہر ممکن حد تک دشمنوں کو جواب دینے کے لیے تیار ہے، جیسا کہ ماضی میں ثابت کیا جا چکا ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ کے بعد تناؤ کم نہیں ہوا، اور عالمی طاقتیں ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اس جنگ کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا صرف اس لیے جنگ میں کودا کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ اگر مداخلت نہ کی گئی تو اسرائیل مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔ تاہم امریکا کو اس جنگ سے کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
سپریم لیڈر کے حالیہ بیانات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ایران اپنی پالیسیوں، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرنے کو تیار نہیں۔