بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانیہ میں تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ، 3 افراد جاں بحق

برطانیہ میں ایک افسوسناک واقعے میں تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر کھیتوں میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب تربیتی مشن پر موجود ہیلی کاپٹر میں عملے کے 4 افراد سوار تھے۔ پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر اچانک زمین پر آ گرا اور مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تین افراد دم توڑ گئے، جبکہ ایک شخص کی حالت تاحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس فورس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، “ہم اس وقت متاثرہ افراد کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کر سکتے کیونکہ ان کے اہل خانہ کو مطلع کرنے اور ان کی مدد کے لیے کوششیں جاری ہیں۔”

مزید کہا گیا کہ حادثے کی وجوہات کے حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا جا رہا، تاہم ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ کے ساتھ مل کر تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔