بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ پر دوبارہ نیل، صحت پر سوالات اٹھ گئے

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دائیں ہاتھ پر ایک بار پھر سیاہ اور نیلا پیچ دیکھا گیا ہے، جس نے ان کی صحت کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دیا۔ یہ منظر اس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ سے ملاقات کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران ٹرمپ نے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بار بار اپنا بایاں ہاتھ دائیں ہاتھ پر رکھا، جیسے وہ نشانات چھپانے کی کوشش کر رہے ہوں۔ چند دن قبل بھی ٹرمپ کے ہاتھ پر میک اپ لگا دیکھا گیا تھا جو باقی جلد سے مختلف رنگ کا تھا، جس کے بعد قیاس آرائیاں بڑھ گئی تھیں کہ صدر کچھ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس اور ڈاکٹرز کی وضاحت

پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ “صدر ٹرمپ عوامی شخصیت ہیں، روزانہ سیکڑوں لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں اور ہاتھ ملاتے ہیں۔ ان کا عزم اور توانائی سب کے سامنے ہے۔”

صدر کے معالج ڈاکٹر شین باربابیلا نے ایک خط جاری کیا ہے جس میں وضاحت کی گئی کہ ہاتھ پر یہ نشانات زیادہ ہاتھ ملانے اور ایسپرین کے استعمال کی وجہ سے ہیں۔ ایسپرین دل کی صحت کے لیے احتیاطی طور پر دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کو “کرونک وینس انسفیشنسی” ہے، یعنی رگوں میں خون کا بہاؤ دل تک واپس آنے میں سست ہوتا ہے۔ یہ بڑی عمر کے افراد میں عام بیماری ہے اور زیادہ خطرناک نہیں۔ ان کی ٹانگوں میں ہلکی سوجن بھی نوٹ کی گئی تھی، لیکن مکمل جانچ کے بعد کسی بڑی بیماری جیسے ڈیپ وین تھرومبوسس (DVT) یا شریانوں کی بیماری کی کوئی علامت سامنے نہیں آئی۔

پس منظر

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سے ملاقات کے دوران بھی ٹرمپ کے ہاتھ پر ایسا ہی نیل دیکھا گیا تھا، جس نے اس وقت بھی ان کی صحت پر سوالات کھڑے کیے تھے۔