ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی بیٹی ٹریشالا دت نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے اشاروں میں اپنے ذاتی تجربات بیان کیے۔
انسٹاگرام اسٹوری میں ٹریشالا نے لکھا کہ ہر رشتہ خون کا ہونے کے باوجود زندگی میں جگہ پانے کا اہل نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق بعض اوقات سب سے زیادہ تھکانے والے اور نظرانداز کرنے والے افراد وہی ہوتے ہیں جو فیملی کہلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایسے والدین سے دوری اختیار کریں جو انہیں تکلیف دیتے یا احساسِ جرم میں مبتلا کرتے ہیں۔ فیملی ہونا کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ بار بار بدسلوکی کرے یا ذہنی دباؤ ڈالے۔

ٹریشالا نے مزید لکھا کہ اگر کوئی مسلسل نقصان پہنچا رہا ہو تو آپ اس تک رسائی کے پابند نہیں، چاہے وہ آپ کا پرورش کرنے والا ہی کیوں نہ ہو۔ جب والدین اپنی ساکھ کو بچوں کی خوشی اور سکون پر ترجیح دیں، تو یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔
ٹریشالا دت سنجے دت کی پہلی اہلیہ رچا شرما کی بیٹی ہیں۔ وہ 1988 میں پیدا ہوئیں اور والدہ کے انتقال (1996، دماغی ٹیومر) کے بعد امریکا میں اپنے نانا نانی کے ساتھ رہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ حال ہی میں 10 اگست کو سنجے دت نے بیٹی کی سالگرہ پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا: “Happy birthday @trishaladutt, Always proud of you, always love you۔”
اداکار کی نجی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو رچا شرما کے انتقال کے بعد سنجے دت نے 1998 میں ریا پلئی سے شادی کی، جو 2008 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ بعدازاں انہوں نے مانیتا دت سے شادی کی جن سے ان کے جڑواں بچے شہران اور اقرا ہیں۔
اداکاری کے میدان میں سنجے دت حال ہی میں فلم “Housefull 5” میں نظر آئے اور ان کی آئندہ فلموں میں کناڑہ فلم “KD: The Devil”، تیلگو فلمیں “The Raja Saab” اور “Akhanda 2″، جبکہ ہندی فلمیں “Baaghi 4” اور “Dhurandhar” شامل ہیں۔









