ٹورنٹو (نیوز ڈیسک) کینیڈا سے تعلق رکھنے والی فوٹو جرنلسٹ ویلیری زنک نے اسرائیلی حملوں میں صحافیوں کے جانی نقصان پر عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔ وہ گزشتہ آٹھ سال سے ادارے کے ساتھ منسلک تھیں۔اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ویلیری زنک نے رائٹرز پر الزام عائد کیا کہ ادارہ اسرائیل کے جھوٹے دعوؤں کو تقویت دے رہا ہے اور غزہ میں 245 صحافیوں کے “منظم قتل” کو جواز فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رائٹرز نے فلسطینی صحافی انس الشریف کے قتل پر اسرائیلی پروپیگنڈے کا ساتھ دیا، حالانکہ انس کی رپورٹس کی بدولت ادارے کو پلٹزر پرائز ملا تھا۔ویلیری زنک کے مطابق وہ اس ظلم کے ساتھ کھڑی ہونے کے بجائے انصاف اور مظلوم کا ساتھ دینا چاہتی ہیں، اسی لیے احتجاجاً ملازمت چھوڑ رہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز غزہ کے النصر اسپتال پر اسرائیلی بمباری میں 5 صحافی شہید ہوئے، جن میں رائٹرز کا ایک نمائندہ بھی شامل تھا۔ اسی روز مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک مقامی صحافی اور ماہر تعلیم بھی شہید ہوئے۔
رائٹرز کی اسرائیل نواز پالیسی پر معروف فوٹو جرنلسٹ ویلیری زنک کا استعفیٰ








