واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی حکومت نے کمرشل ٹرک ڈرائیورز کے لیے انگریزی زبان میں مہارت لازمی قرار دینے کے بعد کارروائیاں سخت کر دی ہیں۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا، واشنگٹن اسٹیٹ اور نیو میکسیکو کو وفاقی فنڈنگ اسی صورت ملے گی جب وہ ڈرائیورز کے لیے انگریزی شرط کو نافذ کریں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی ڈرائیورز پر دباؤ بڑھاتے ہوئے کمرشل ورک ویزا بھی روک دیا ہے۔
وفاقی حکام کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں کم از کم 3 ہزار ڈرائیورز کو ہائی ویز سے ہٹایا گیا کیونکہ وہ روڈ سائیڈ انگریزی ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے تھے۔ صرف ٹیکساس میں 350 ڈرائیورز پر پابندی عائد کی گئی۔
یہ معاملہ اُس وقت مزید سنگین ہو گیا جب فلوریڈا میں کیلیفورنیا کے لائسنس یافتہ ٹرک ڈرائیور ہر جندر سنگھ نے غیر قانونی یو ٹرن لیتے ہوئے ایک منی وین کو ٹکر ماری جس سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بعدازاں وہ انگریزی ٹیسٹ میں بھی ناکام رہا اور حکام نے اسے غیر قانونی تارک وطن قرار دے دیا۔
رواں سال اپریل میں صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کے تحت امریکا میں کمرشل ڈرائیورز کے لیے انگریزی مہارت لازمی قرار پائی۔









