بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈیجیٹل پاکستان کی جانب پیش قدمی: فائبر اور آئی ٹی انفرا اسٹرکچر پر ‘رائٹ آف وے چارجز ختم

 

وزیراعظم شہباز شریف کے اہم احکامات پر حکومت نے ملک میں ڈیجیٹل ترقی کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور کر دی ہے۔ اب فائبر آپٹک اور آئی ٹی انفرااسٹرکچر کی تنصیب کے لیے ‘رائٹ آف وے چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔
وزارت ریلوے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے وزیراعظم کی ہدایت پر یہ چارجز فوری طور پر ختم کر دیے ہیں، جس سے پورے ملک میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی رفتار میں نمایاں تیزی آئے گی۔

واضح رہے کہ ’رائٹ آف وے‘ وہ فیس ہوتی ہے جو سرکاری یا نجی زمین کے استعمال کے بدلے لی جاتی ہے، تاکہ اس پر فائبر کیبل، پائپ لائن یا کوئی اور بنیادی ڈھانچہ نصب کیا جا سکے۔

وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے 14 جولائی 2025 کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، اور یہ اقدام فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے اس پیش رفت کو “ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک مضبوط قدم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائبرائزیشن کے لیے یہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کا تعاون پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ فیصلہ نہ صرف انٹرنیٹ کی فراہمی میں بہتری لائے گا بلکہ مستقبل میں تعلیم، صحت، ای گورننس اور دیگر ڈیجیٹل سروسز کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔