لاہور (شوبز ڈیسک)سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ پہلی بیوی کے انتقال کے بعد ان کی بہنوں نے محبت اور خیال کے تحت ان کی مزید دو شادیاں کروائیں۔
’نیو ٹی وی‘ کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو ان کے خاندان کی پہچان رہا ہے، ان کے والد سلطان کھوسٹ نے ریڈیو سے شہرت حاصل کی، انہوں نے خود بھی ریڈیو سے فنی سفر شروع کیا اور بیٹے سرمد کھوسٹ نے بھی اسی پلیٹ فارم سے کیریئر کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مجموعی طور پر تین شادیاں کیں۔ پہلی شادی محبت کی بنیاد پر ہوئی جو سرمد کھوسٹ کی والدہ اور معروف نیوز کاسٹر تھیں۔ وہ بیماری کے باعث انتقال کر گئیں، اس وقت بچے چھوٹے تھے، اسی وجہ سے بہنوں نے ان کے خیال کے تحت مزید دو شادیاں کروائیں۔
عرفان کھوسٹ نے کہا کہ دوسری شادی میں بیوی کو وہ پسند نہیں آئے، جب کہ تیسری شادی میں انہیں بیوی پسند نہ آئیں، جس کے بعد انہوں نے مزید شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور باقی زندگی اکیلے گزار دی۔
اپنی پہلی بیوی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف نیوز کاسٹر تھیں بلکہ بہت خوبصورت بھی تھیں۔ ان کی خوبصورتی دیکھ کر کبھی یہ ڈر بھی ہوتا تھا کہ زیادہ دیکھنے سے کہیں ان کی خوبصورتی کم نہ ہو جائے۔









