لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ نتاشا علی نے ایک مارننگ شو میں گفتگو کے دوران معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر شادی شدہ، طلاق یافتہ یا بیوہ نندوں کو ماں باپ کے گھر رہنے کا پورا حق ہے اور بھابھیوں کو انہیں بوجھ سمجھنے کے بجائے عزت دینی چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ اکثر اوقات بھابھیاں نندوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ رکھتی ہیں جو درست نہیں۔ ان کے مطابق ’’اگر لڑکی غیر شادی شدہ ہے تو اس کا حق ہے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ رہے۔ طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کہاں جائیں گی، ماں باپ کا گھر ہی ان کا سہارا ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی لڑکیاں معاشی طور پر خود مختار نہیں ہوتیں، اس لیے ان کے لیے والدین کا گھر ہی پناہ گاہ ہوتا ہے۔
اداکارہ کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس پر صارفین نے ملے جلے ردعمل دیے۔ کچھ نے نتاشا کی رائے کی تائید کی جبکہ کئی صارفین نے کہا کہ نندوں کو بھی چاہیے کہ وہ بھابھیوں کے ساتھ عزت اور سلیقے سے رہیں۔









