بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ندیم بیگ نے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے زوال کی وجوہات بتا دیں

کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار ندیم بیگ نے فلمی دنیا کے زوال پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج بننے والی فلمیں ڈراموں کا تاثر دیتی ہیں کیونکہ وہ لیجنڈری فلم میکرز اب ہمارے درمیان نہیں رہے جنہوں نے حقیقی سینما بنایا تھا۔

ندیم بیگ نے ایک گفتگو میں کہا کہ آج کل زیادہ تر فلم ساز ٹی وی سے آتے ہیں۔ اگرچہ وہ فلمیں بنا رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہماری انڈسٹری کو شدید دھچکا لگا ہے۔ سینما گھر ایک ایک کرکے بند ہو گئے، اسٹوڈیوز ختم ہوگئے اور فلمی ماحول ناپید ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ وسائل اور سہولیات کی کمی کے باعث فلم ساز اپنی پوری صلاحیت استعمال نہیں کر پاتے۔ پھر بھی ہمیں ان کی کوششوں کو سراہنا چاہیے کہ وہ حالات کے باوجود کچھ نہ کچھ کر رہے ہیں۔

سنیما انڈسٹری کے زوال کی بڑی وجوہات گنواتے ہوئے ندیم بیگ نے کہا کہ تقسیم کے بعد جب مشرقی پاکستان ہم سے جدا ہوا تو ایک بڑی مارکیٹ ہاتھ سے نکل گئی۔ اس کے بعد اسٹوڈیوز بتدریج بند ہونا شروع ہوگئے۔ پاکستان میں فلم اکیڈمیز نہ ہونے کے باعث نئی نسل کو سیکھنے کا کوئی پلیٹ فارم نہیں مل سکا جبکہ ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام عوام کو سینما گھروں سے دور کردیا۔

ان کے مطابق ہمارے اصل ناظرین نچلے اور متوسط طبقے کے لوگ تھے جو مہنگائی کے باعث سینما کا رُخ نہیں کر پاتے۔ اس لیے اگر ہمیں سنیما کو زندہ کرنا ہے تو سب سے پہلے اسی طبقے کے لیے سہولت پیدا کرنی ہوگی تاکہ وہ دوبارہ بڑی اسکرین سے جڑ سکیں۔