اسلام آباد(شوبز ڈیسک) معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے حالیہ دنوں میں لگائے گئے الزامات اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے اہم انکشاف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اغوا کرنے اور قتل کی دھمکیاں دینے والا نوجوان کوئی اور نہیں بلکہ ان کا سابقہ منگیتر حسن زاہد ہے۔
سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ حسن زاہد سے ان کی منگنی ہوئی تھی مگر بعد میں اس کی حقیقت سامنے آنے پر انہوں نے رشتہ ختم کردیا۔ سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز اور ملاقاتوں کے مناظر سامنے آنے کے بعد صارفین نے الزام لگایا کہ سامعہ صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے یہ سب کر رہی ہیں، تاہم ٹک ٹاکر نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی۔

سامعہ نے کہا کہ اگر میرا انجام بھی میری دوست ثنا یوسف کی طرح قتل کی صورت میں نکلتا تو شاید لوگ ہمدردی جتاتے، لیکن چونکہ میں زندہ ہوں اس لیے الزام تراشیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر کوئی عورت نکاح میں بھی ہو تو اسے زبردستی، تشدد یا اغوا کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں، جبکہ میرا اور حسن زاہد کا رشتہ ختم ہوچکا ہے۔‘‘
ٹک ٹاکر کے مطابق، منگنی ٹوٹنے کے باوجود حسن زاہد نے ان کا فون چھینا، تشدد کرنے کی کوشش کی اور اغوا کی کوشش بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور اب انہیں صرف انصاف کی امید ہے۔









