لاہور(نیوز ڈیسک) جوا ایپ کی پروموشن کے مقدمے میں گرفتار مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کا مزید 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
ضلعی کچہری لاہور میں مقدمے کی سماعت کے دوران ڈکی بھائی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث کارروائی میں دس منٹ کی تاخیر ہوئی۔ بعد ازاں وکیل عثمان مشتاق نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکل کو بیان دینے کی اجازت دی جائے۔
ڈکی بھائی نے عدالت میں کہا: “میں تفتیش سے مطمئن ہوں، ادارے مزید تحقیق کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں، میں اداروں کی عزت کرتا ہوں۔”
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے ڈیوائسز اور اکاؤنٹس برآمد کرنے باقی ہیں، اس لیے مزید 5 دن کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور حکم دیا کہ ڈکی بھائی کو دوبارہ 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔









