بھارتی ٹی وی کی مقبول اداکارہ سمپل کول، جو شرارت اورتارک مہتا کا الٹا چشمہ جیسے معروف ڈراموں سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنا چکی ہیں، نے 15 سالہ ازدواجی سفر کے بعد شوہر راہول لومبا سے طلاق لے لی ۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمپل کول نے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا، اور دونوں نے سمجھداری اور نرمی سے ایک دوسرے کا ساتھ چھوڑنے کا قدم اٹھایا۔
یقین نہیں آتا کہ ہم الگ ہو چکے ہیں
سمپل نے جذباتی انداز میں کہا کہ رشتہ ختم ہونا آج بھی میرے لیے ناقابلِ یقین لگتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ راہول کے ساتھ گزارا، اور الگ ہونے کا تصور بھی کبھی نہیں کیا تھا۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ محبت، خوشی اور روحانیت پر یقین رکھتی ہیں، اور یہی اصول طلاق کے بعد بھی ان کی زندگی کا حصہ رہیں گے۔
سوچوں کی گنجائش نہیں
سمپل کول کا کہنا تھاکہ میں اپنی زندگی میں منفی خیالات کو جگہ نہیں دینا چاہتی۔ میں چاہتی ہوں کہ میرے اردگرد صرف مثبت توانائی ہو، کیونکہ زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی طریقہ ہے۔
2010 میں شادی، ڈیڑھ دہائی کا ساتھ
سمپل کول اور راہول لومبا نے 2010 میں شادی کی تھی، اور تقریباً 15 برس تک ایک ساتھ زندگی گزاری۔ اگرچہ دونوں کے راستے اب جدا ہو چکے ہیں، لیکن وہ ایک دوسرے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
اداکارہ کو ان کی دل موہ لینے والی اداکاری کی وجہ سے ہمیشہ سراہا گیا ہے۔ وہ آخری بار 2022 کے ڈرامے “ضدی دل مانے نہ” میں اسکرین پر نظر آئیں، جہاں ان کی پرفارمنس کو خوب پذیرائی ملی۔









