پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم ان دنوں بیرونِ ملک مصروف کنسرٹس میں اپنی آواز اور پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیت رہے ہیں۔ فی الحال وہ کینیڈا میں موجود ہیں اور وہاں اپنے فینز کو محظوظ کر رہے ہیں۔
کینیڈا میں مقیم بھارتی نژاد صحافی فریدون شہریار کو دیے گئے انٹرویو میں عاطف اسلم نے ان پر ہونے والی حالیہ تنقید کے بارے میں کھل کر بات کی۔ یہ تنقید اس وقت سامنے آئی جب والد کے انتقال کے فوراً بعد انہوں نے کنسرٹ میں پرفارم کیا، جس پر سوشل میڈیا پر ملے جُلے ردعمل دیکھنے کو ملے۔
عاطف اسلم نے کہا کہ بعض لوگوں نے ان کے دکھ کو اپنی ریٹنگز اور کمائی کا ذریعہ بنایا۔ ان کے مطابق: “یہ میرا فیصلہ تھا کہ مجھے اسٹیج پر جانا ہے یا نہیں، اس کے لیے مجھے کسی کی اجازت یا رائے کی ضرورت نہیں۔ یہ میرا کام نہیں کہ میں ہر ایک کو وضاحت دیتا پھروں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ میری زندگی ہر وقت دوسروں کے لیے نہیں ہوسکتی۔ لوگ مجھے میرے فن اور موسیقی کے حوالے سے چاہ سکتے ہیں یا تنقید کرسکتے ہیں، لیکن کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ میری ذاتی زندگی پر حکم چلائے۔ عاطف اسلم کے مطابق، ان سے بار بار صفائی پیش کرنے کی توقع رکھنا درست نہیں ہے۔









