پاکستان بھر میں یومِ دفاع اور معرکۂ حق کی یاد تازہ کرنے کے موقع پر شوبز اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے اپنے پیغامات میں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ دن 6 ستمبر 1965 کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بناتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔ اس موقع پر مختلف ستاروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قوم کو یاد دلایا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
اداکار اعجاز اسلم نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہمیشہ یاد دلاتا ہے کہ پاک فوج نے معرکۂ حق میں کس طرح دشمن کو شکست دی۔ پوری قوم اپنی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بولر وہاب ریاض نے اس دن کو ہیروز کو یاد کرنے کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کامیابی ان شہداء کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم ان ہیروز کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی اور ہمیں آزادی اور وقار کے ساتھ جینے کا حق دیا۔
کھلاڑی فواد عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد ہمیں اس بات کا عہد دلاتی ہے کہ وطن کی حفاظت ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان پیغامات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ شوبز اور کھیلوں کے ستارے بھی پوری قوم کے ساتھ مل کر افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کو دہراتے ہیں کہ وطن کے دفاع کے لیے سب ایک ہیں۔









