لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو 9 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ یہ کارروائی ان الزامات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے کہ وہ مبینہ طور پر آن لائن جوئے اور ٹریڈنگ ایپس کی تشہیر میں ملوث رہے ہیں۔
ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رجب بٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کو ان ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسانے کی کوشش کی، اور ایک منظم اسکیم کے تحت معصوم شہریوں کی محنت سے کمائی کو خطرے میں ڈالنے کا راستہ ہموار کیا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں رجب بٹ کے خلاف مالی گھپلوں کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ نوٹس میں انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ منگل صبح 11 بجے لاہور میں این سی سی آئی اے کے دفتر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہیں ہے۔
ادھر رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے تصدیق کی ہے کہ ان کی لا فرم اس کیس میں یوٹیوبر کی نمائندگی کرے گی۔ ان کے مطابق 9 ستمبر کو رجب بٹ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا جائے گا اور مؤکل کو قانون کے مطابق مکمل دفاع فراہم کیا جائے گا۔









