معروف بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کے خلاف60 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کے کیس میں ممبئی پولیس نے لک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں کو بھارت چھوڑنے سے روک دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، شکایت کنندہ دیپک کوٹھاری نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ فراڈ شلپا اور راج کی بند ہوچکی کمپنی ‘بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے کیا گیا۔ ان کے بقول، ملزمان نے پہلے قرض مانگا، پھر سرمایہ کاری کے نام پر ماہانہ منافع کا لالچ دے کر رقم ہتھیا لی، جو بعد میںذاتی اخراجات پر خرچ کی گئی۔
پولیس کے مطابق، یہ معاملہ2015 سے 2023 کے درمیان پیش آیا، جس دوران شکایت کنندہ سے متعدد مرتبہ رقم وصول کی گئی۔شلپا شیٹی نے 2016 میں بطور ڈائریکٹر کمپنی سے استعفیٰ دیا تھا، اور بعد ازاں کمپنی دیوالیہ ہوگئی۔
ممبئی پولیس کے اکنامک آفینس ونگ (EOW) نے یہ معاملہ درج کیا ہے، اور امیگریشن حکام کو لک آؤٹ سرکلر جاری کر کے جوڑے کو بیرونِ ملک روانگی سے روکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب،جوڑے کے وکیل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معاملہ دیوانی (سول) نوعیت کا ہے نہ کہ فوجداری، اور اس میں کوئی مجرمانہ پہلو شامل نہیں۔ وکیل کے مطابق یہ صرف پرانا کاروباری لین دین ہے جسے غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔









