ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ جیل میں ایک دہرے قتل کے مجرم نے ان کی گردن پر تیز دھار استرا رکھ دیا تھا اور وہ لمحہ ان کی زندگی کا سب سے خوفناک تجربہ تھا۔
66 سالہ اداکار نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ یروادہ جیل میں ان کی داڑھی کٹوانے کے لیے ایک قیدی کو بلایا گیا، لیکن یہ عام قیدی نہیں بلکہ دہرے قتل کا خطرناک مجرم تھا۔
سنجے دت کے مطابق جیسے ہی قیدی نے استرا ان کی گردن پر رکھا، انہوں نے ازراہِ تجسس پوچھ لیا کہ وہ کس جرم میں قید ہے۔ قیدی نے جواب دیا کہ وہ 15 سال سے دہرے قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہا ہے۔ یہ سنتے ہی اداکار کے بقول ان کی ریڑھ کی ہڈی میں سرد لہر دوڑ گئی اور فوراً اس کا ہاتھ روک لیا۔
سنجے دت نے کہا کہ یہ منظر کسی فلم کے سین جیسا تھا، جہاں ایک قاتل کے ہاتھ میں استرا ہو اور سامنے ان کی گردن۔ خوش قسمتی سے وہ اس نازک لمحے میں محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو 1993 ممبئی دھماکوں کے بعد غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سزا ہوئی تھی اور وہ کئی برس پونا کی یروادہ جیل میں قید رہے۔









